|

وقتِ اشاعت :   February 27 – 2021

دبئی: مشرق وسطیٰ کے ساحل میں اسرائیلی بحری جہاز کے قریب دھماکا ہوا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی بحری جہاز کے قریب مشرق وسطیٰ کے ساحل سے گزرتے وقت دھماکا ہوا جسے امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

برطانوی بحریہ کے زیر انتظام چلنے والے ادارے برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشن نے بھی اسرائیلی بحری جہاز کے قریب دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ اس کے نتیجے میں جہاز کا عملہ اور جہاز مکمل طورپر محفوظ رہے تاہم خلیج اومان کے ساحل میں دھماکے کے باعث جہاز کو مجبوراً قریبی پورٹ پر جانے کی ہدایت کی گئی۔

میری ٹائم حکام کی جانب سے جاری سیٹلائٹ ڈیٹا میں بتایا گیا ہےکہ ایم وی ہیلیس رے ایک کارگو جہاز ہے جو جمعہ کی شام بحیرہ عرب میں داخل ہورہا تھا کہ اچانک اس نے اپنا رخ تبدیل کرلیا اورواپس آبنائے ہرمز کی جانب بڑھنے لگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹریکر سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ کارگو شپ سعودی شہر دمام سے آرہی تھی اور اس کی منزل سنگاپور تھی۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ اسرائیلی بحری جہاز کے قریب دھماکے کا واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران نے 2015 کے جوہری معاہدے سے متعلق امریکا پر دباؤ بڑھا رکھا ہے جس کے باعث ایران امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں میں نرمی چاہتا ہے۔

تاہم ایران کی جانب سے اس واقعے پر فوری کوئی رد عمل جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی واقعے کی تصدیق کی گئی ہے۔