|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2021

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محمد عبدالقادر نے صادق سنجرانی کو چیئرمین اورمرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل پارٹیوں کو ایوان بالا کے معزز اراکین نے مسترد کر دیا ہے اس لیے اب اپوزیشن اپنی ناکامی پر واویلا مچانے اور اداروں کو ہدف تنقید بنانا چھوڑ کر پارلیمنٹ میں مثبت سیاسی کردار ادا کریں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہا کہ صادق سنجرانی کی دوسری ٹرم کے لیے بطور چیئرمین سینیٹ انتخاب بلوچستان کے عوام کے لیے ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہو گا اور صادق سنجرانی بطور چیئرمین ماضی کے حسین پارلیمانی روایات اور اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کے سینیٹرز کے تعاون سے سینیٹ کی کاروائی احسن انداز سے چلائیں گے۔

سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ایک نڈر، سچے اور بہادر لیڈر ہیں اور اب چونکہ تحریک انصاف اور حکومتی اتحادی جماعتوں کو سینیٹ میں واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہیں اس لیے اب عوامی مفاد میں قانون سازی میں آسانی ہو گی انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں محمدصادق سنجرانی اور مرزا محمد آفریدی کی کامیابی کو صدق دل سے تسلیم کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں شور شرابہ کی بجائے عوامی مسائل کے حل کے لیے حکومتی اقدامات کی تائید کریں۔

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بلوچستان اور فاٹا سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی نامزدگی اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے ان کی بھرپور کامیابی کاکریڈیٹ وفاقی حکومت میں شامل تمام اتحادی جماعتوں کی قیادت کو جاتا ہیاور اس کے خوشگواراثرات مستقبل قریب بلوچستان،فاٹا،قبائلی علاقوں سمیت پورے ملک پر مرتب ہونگے۔