کوئٹہ:جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے نئی لہر سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے ، ہم کسی بھی حربے میں آنے والے نہیں بلکہ لانگ مارچ ہرصورت میں ہوگا ، اگر لانگ مارچ میں رکاوٹیں پید اکرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی ذمہ داری موجودہ حکمرانوں پر عائد ہوگی ، سلیکٹڈ حکومت کے خاتمہ کیلئے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، آج پی ڈی ایم کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرانان میں دستار فضلیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ مدارس پاکستان کی بنیادیں مضبوط کررہی ہیں مگر یہودی لابی اور یہاں ان کے آلہ کار مدارس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ، جمعیت علما اسلام کے ہوتے ہی دنیا کی کوئی بھی طاقت مدارس کے خلاف سازشوں میں کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ ا س وقت پاکستان معاشی لحاظ سے خراب صورتحال سے دوچار ہے اور حکمرانوں نے جس مقصد کے لئے جعلی مینڈیٹ کے ذریعے اقتدار حاصل کیا آج ان ہی قوتوں کی وجہ سے معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے ، کورونا وائرس کے نئی لہر سے ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے حکومت چاہئے جتنے بھی بہانے بنائیں لانگ مارچ ضرور ہوگا اور اگر لانگ مارچ میں رکاوٹیں پید اکرنے کی کوشش کی تو اس کے تمام تر ذمہ دار حکمران ہوں گے۔
مولانا عبدالواسع نے کہاکہ جمعیت علما اسلام آج بھی اپنے موقف پر قائم ہے کیونکہ جب تک سلیکٹیڈ حکمرانوں کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں جمہوری نظام بہتر نہیں ہو سکتے اب ہم سب کی ذمہ داری بنتی ہے کہ کو بحرانوں سے نکالنے معیشت کی بہتری اور عوام کو روزگار دینے کیلئے کردار اداکریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بحرانوں کا شکار ہے اور ملک پر ایسے حکمرانوں کو مسلط کیا گیا ہے جو ملک وقوم کی ترقی نہیں چاہتی ، 26مارچ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہو گا اور سلیکٹیڈ حکمرانوں کے خاتمہ کیلئے عوام بھر پور احتجاج کریں گے اگر یہی حکمران مزید ملک اور قوم پر مسلط رہے تو حالات مزید خرابی کی طرف جائیں گے ۔