|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2021

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے کے دوردراز علاقوں کے عوام کو آن لائن کاروبار کے مواقع مہیا کرنے کیلیے اقدامات کررہی ہے جس سے نہ صرف لوگ معاشی طور پر مضبوط ہونگے بلکہ صوبے کی معیشت بھی مستحکم ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ایس ایم ای-ایکشن پلان 2020 کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ہاشم رضا، سیکرٹری انڈسٹریز حافظ عبدالماجد اور صوبائی چیف سمیڈا عبدالشکور موجود تھے۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری کو نیشنل ایس ایم ای پالیسی 2020 کے خدو خال اور اغراض ومقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے ۔

جس میں قرضوں کی فراہمی، ٹیکس میں نظام آسانیاں پیدا کرنے اور کاروبار کے لیے مواقع فراہم کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی واضح ہدایت ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور برآمدات میں اضافہ کے اقدامات کو اولین ترجیحات میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی ترقی ان ترجیحی شعبوں میں اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو حکومت کی ترجیحات کے مطابق ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ پر خصوصی توجہ دینی چاہئے جبکہ حکومت صوبے میں چھوٹے چھوٹے انڈسٹریز کو پروموٹ کررہی ہے جس سے لوگوں کی معیار زندگی بلند ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ ضلعوں میں چھوٹے چھوٹے انڈسٹریز کے فروغ کیلیے سنجیدہ اقدامات کریں۔