|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2021

کوئٹہ: وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر رائے نے یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی امن وامان کی صورتحال سمیت پولیس کے پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیراعلی کو آئی جی پولیس نے اس موقع پر پولیس نظام میں مزید بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریف بھی کیا۔ وزیراعلی نے آئی جی پولیس کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے۔

امن و امان کی بحالی میں پولیس کا بڑا اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیراعلی بلوچستان نے تھانوں میں لوگوں کی دادرسی کے لیے فعال انداز میں اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔