کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری ،سابق ضلعی صدر میر غلام رسول مینگل پارٹی کے سابق ضلعی سیکرٹری اطلاعات اسد سفیر شاہوانی نے گزشتہ دنوںکلی میر غلام رسول سریاب کسٹم میں عطاء اللہ مینگل کے کمسن معصوم بچوں کو بے دردی کے ساتھ ذبح کرکے 3بچوں کو قتل اور ایک کو زخمی کرنے کے دلخراش سانحہ پر بدھ کے روز کلی اسماعیل میں ان کے چچا امام بخش مینگل کی رہائش گاہ پر جا کر لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کااظہار کیا۔
اس موقع پر لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دلخراش واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ انتہائی دردناک ،افسوسناک سانحہ ہے جنہوں نے ہمارے پورے صوبے کو ہلا کر رکھ دیاہے اس طرح کے افسوسناک واقعہ کی کہیں بھی مثال نہیں ملتی کہ جس بے دردی کے ساتھ وحشیانہ انداز میں پھول جیسے ننھے معصوم کمسن بچوں کو انتہائی بے دردی کے ساتھ ذبح کرکے بدترین ظلم کیاہے۔
جس کے نتیجے میں آج صوبے بھر کی عوام سوگوار اور دکھی ہے انہوں نے کہاکہ آج ہمارا معاشرہ جس بیگاڑ ،تباہی اور بربادی کی طرف جارہاہے اس کے نتیجے میں ایسے واقعات رونما ہورہے ہیں ایسے وحشی درندوں کی گرفتاری اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ہر گھر کے ننھے معصوم بچے عدم تحفظ سے دوچار ہوں گے ۔
انہوں نے صوبے کے تمام سیاسی جماعتوں ،سول سوسائٹی ،انسان دوست فلاحی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے دردناک واقعات کے خلاف موثر انداز میں آواز بلندکرتے ہوئے اس کی روک تھام اور اس میں ملوث وحشی درندوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے جدوجہد کرے۔ایسے واقعات کا رونما ہونا اس بات کی غمازی کرتاہے کہ کہیں بھی حکومت اور حکومت کی رٹ قائم نہیں اور لوگ عدم تحفظات کاشکارہیں۔
بدقسمتی سے اگر صوبے میں حکومتی یاانتظامی رٹ ہوتا تو یوں دن دیہاڑے ایسے واقعات رونما نہیں ہوتے بلوچستان نیشنل پارٹی مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اور حکومت وقت سے مطالبہ کیاہے کہ سانحہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرے ،انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اس دردناک اور دلخراش سانحہ کا سوموٹو نوٹس لیکر جوڈیشل انکوائری کرائیں۔