|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2021

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت جمعرات کے روز سیکرٹریز کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کی مالی پوزیشن، رولز آف بزنس، وفاقی سیکرٹریز کی کوئٹہ آمد سمیت متعدد امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایس ایم بی آر قمر مسعود، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عبدالصبور کاکڑ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط اور تمام تمام صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور اس کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریگی۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کی فلاح و بہبودہمارا فرض ہے اور صوبائی حکومت صوبے کی عوام کی فلاح و بہبود پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کرئیگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام آفیسرز دن رات عوامی مفادات کیلئے کام کریں کیونکہ عوام کی صوبائی حکومت سے تواقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے تمام سیکرٹریز کو رولز آف بزنس کے تحت کام کرنے کی ہدایت کی تاکہ حکومتی معاملات بہترانداز سے چلیں۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے وفاقی سیکرٹریز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہر مہینہ بلوچستان کا دورہ کریں اور ان کے محکموں سے متعلق جو مسائل صوبے کو درپیش ہیں ان کو حل کرنے کی کوشش کریں اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کو براہ راست رپورٹ پیش کریں انہوں نے کہا کہ جن محکموں کے وفاق کیساتھ مسائل ہیں وہ پہلے سے تیاری کرلیں جبکہ اس سے صوبائی حکومت کا وفاق کیساتھ رابطہ ہو۔

اس موقع پر سیکرٹری فنانس نے صوبے کی مالی حالت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبے کو 101 ارب روپے کے خسارے کا سامنا ہے۔

اور اس خسارے کو پورا کرناصوبائی حکومت کیلئے بہت بڑا چیلنج ہے انہوں نے بتایا کہ تمام محکمے اپنے اخراجات میں خاطر خواہ کمی کرکے فرق کو ختم کریں اور اگلے سال حکومتی ترجیحات کو رکھتے ہوئے بجٹ تیار کریں ۔