کوئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنما و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ سابق سینیٹر حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ بازی پلٹنے میں دیر نہیں حکومت خوشیوں کے شادیانے نہ بجائے انکے اقتدار کا جنازہ مولانا فضل الرحمن کی امامت میں ہی پڑھیں گے پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں تحریک کی کامیابی کے لیے کوشاں ہے جمہوریت اور پارلیمنٹ کی آزادی کی جنگ جیت کر ہی رہیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع دکی مدرسہ احسن العلوم سپین مسجدناصرآباد میں دستارفضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام کے رہنماوں اور مقامی علمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔
مولانا حافظ حمداللہ نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی آزادی و خود مختاری کے لیے تمام جماعتوں کو ملکر قربانیاں دینی ہوں گی اس مقصد کے حصول کے لیے پارلیمنٹ سے مشترکہ استعفوں کا آپشن بہترین اور مثر ہتھیار ثابت ہوگی انہوں نے کہا کہ اصولی مقاصد کو مقدم رکھ کر منزل کا حصول آسان ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ جمیعت علمااسلام نے وصولی نہیں اصولی سیاست کی ہے ناجائز حکمرانوں کے سامنے سر جھکانے کی بجائے سر کٹانے کو ترجیح دیں گے ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور پوری قوم قابض حکومت سے نجات کے لئے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے شانہ بشانہ جدوجہد کا عہد کرچکی ہیں۔