|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2021

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی اور حکومت کے عوام دشمن فیصلوں سے ملک بلخصوص کا کوئی طبقہ محفوظ نہیں رہا ،حکو مت اپنی تمام تر ناکامیوں کا بوجھ اپوزیشن پر ڈال کر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہوسکتی، آج کوئٹہ ، چمن اور چاغی میں حکومت مخالف ریلیاں نکالی جائیں گی ۔

یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے عوام کی حقیقی ترجمان ہونے کا حق ادا کیا ہے صوبے بھر میں پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی اور حکومت کے ناروا فیصلوں کے خلاف ریلیاں نکالی گئیں اس سلسلے کی ریلیوں کی آخری کڑی آج کوئٹہ، چمن اور چاغی میں منعقد ہوگی جس میں عوام ، پارٹی عہدیدار، کارکن بھر پور انداز میں شرکت کر کے حکومت کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بد ترین بحرانوں، معاشی بد حالی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اڑھائی بر س سے حکومت حیلے بہانے اور اپوزیشن پر الزامات لگا کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر تی رہی ہے لیکن اب عوام کو معلوم ہوچکا ہے کہ موجودہ حکومت سلیکٹڈ ہونے کے ساتھ ساتھ نااہل اور نا تجربہ کار بھی ہے جس نے عوام کو سبز باغ دیکھائے اور عملی طور پر لوگوں کو نان شبینہ کامحتاج، زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا کردیا ہے۔

آج ملک کا ہر شہری مہنگائی، بد امنی سے پریشان ہے ، بے روزگاری بڑھ رہی ہے لوگ بے گھر کئے جارہے ہیں بلوچستان کی صورتحال بد سے بد تر ہوچکی ہے لیکن حکومت کو کوئی پرواہ نہیں ہے حکمران صرف اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

اور اقتدار ختم ہونے کے بعد راہ فرار اختیار کرلیں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے دبائو، مشکلات کے باوجود عوامی مسائل پر احتجاج اور عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے اور کرتی رہے گی ہمارا احتجاج موجودہ حکومت کے خاتمے تک جاری و ساری رہے گا۔