کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت کورونا وائرس کی تیسری لہر کی روک تھام کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وائرس کی روک تھام کی سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حافظ عبدالباسط، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بلال احمد جمالی۔
سیکرٹری انڈسٹریز حافظ عبدالماجد، سیکرٹری مزہبی امور بالاچ عزیز، کمشنر کویٹہ اسفندیار کاکڑ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نصیر احمد ناصر، ایڈیشنل سیکرٹری کالجزحمیداللہ ناصر، ڈپٹی کمشنر کویٹہ، اورنگزیب بادینی اور مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔ چیف سیکریڑی نے اجلاس کے شرکائسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے۔
جو تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ صوبائی حکومت وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین کوشش ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن کی بدولت یہ خطرناک وائرس صوبے میں دوبارہ وبائی شکل اختیار نہ کرے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام متعلقہ ادارے اور تمام طبقات اور مکاتب فکر ملکر درپیش صورتحال سے احسن طریقے سے نمٹنے میں اپنا فعال اور متحرک کردار ادا کریں۔
خاص کر علماء کرام جمعہ کی خطبہ میں لوگوں میں حکومت کی جانب سے دیے گئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں عام لوگوں میں کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے ساتھ ساتھ عوام میں مایوسی اور خوف و ہراس کے ماحول کو بھی پھیلنے نہ دیا جائے اور مرض سے بچنے کی احتیاطی تدابیر اور وائرس کا پھیلاو روکنے کے عملی طریقوں کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے۔
چیف سیکریڑی نے کہا کہ حکومت کرونا وائرس کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے پوری طرح مستعد ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ احتیاطی تدابیر اور اس کے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے عوام الناس کو آگاہی دینے میں محکمہ تعلقات عامہ، الیکٹرانک، سوشل اور ریڈیو کے زرائع ابلاغ میں حکومت بلوچستان کی تشہیر کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں رمضان المبارک کیلیے بھی ایس او پیز بنائے جائیں گے۔