|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2021

کوئٹہ: جمعیت علمااسلام کے مرکزی رہنماء و ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ حافظ حمداللہ نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں حکومت کا چیخنا چلانا دال میں کچھ کالا کے مصداق ہے، خوفزدہ حکومتی وزرا ملک نہیں تخت بچانے کیلئے سرگرداں ہیں ملک کی معیشت تاریخ کی بدترین دور سے گزرہی ہیں مفت کے قسم خور وزرا کو عوامی مشکلات کے حل کیلئے پالیسی بنانے کی بجائے ایک نااہل کی نااہلی چھپانے سے فرصت نہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سنجاوی میں مدرسہ عربیہ دارالعلوم عالمگیر چوک ریگوڑہ میں منعقدہ دستارفضیلت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے جمعیت علمااسلام کے دیگر رہنمائوں اور علمائے کرام نے بھی خطاب کیا ۔ مولانا حافظ حمداللہ نے کہاکہ الیکشن سے قبل ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے والوں نے عوام کو دھوکہ دیا آج غربت مہنگائی اور بے روزگاری نے ملک کے غریب عوام کو دو وقت کی روٹی کا محتاج بنایا۔

حکمران شیشے کے محل میں بیٹھ کر غریب عوام کی مشکلات سے بے خبرہیں۔ فارن فنڈنگ کیس میں حکومت کا چیخنا چلانا دال میں کچھ کالا کے مصداق ہے، خوفزدہ حکومتی وزرا ملک نہیں تخت بچانے کیلئے سرگرداں ہیں ۔

ملک کی معیشت تاریخ کی بدترین دور سے گزرہی ہیں مفت کے قسم خور وزرا کو عوامی مشکلات کے حل کیلئے پالیسی بنانے کی بجائے ایک نااہل کی نااہلی چھپانے سے فرصت نہیں ۔ انہوں نے کہاکہ چھوٹوں اور دھوکہ بازوں کی حکومت نے ملک کے تمام شعبوں کو تباہ کردیا۔