ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے ایران کی جوہری معاہدے میں واپسی کے لیے امریکا کو پہلے تمام پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔
ایران کے سپریم لیڈر اور روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر ڈیل پر عمل درآمد سے متعلق ایران کی پالیسی واضح ہے، اس کے لیے ضروری ہے کہ امریکا ایران پر عائد تمام پابندیاں اٹھائے جس کے بعد ہم تصدیق کریں گے، اگر واقعی میں تمام پابندیاں اٹھالی گئی ہوں گی تو ایران 2015 کے معاہدے میں واپس آجائے گا۔
آیت اللہ خامنہ ای نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف کاغذات کی حد تک پابندیوں کا اٹھانا کسی صورت قبول نہیں بلکہ امریکا کو اس کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جس پالیسی کا ایران نے اعلان نے کیا ہے، اگر امریکا اس کو تسلیم کرتا ہے تو سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا ورنہ سب کچھ ایسا ہی چلتا رہے گا، اور یہ کوئی مسئلہ نہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا اور اسرائیل پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دونوں دشمن ممالک کی خفیہ ایجنسیز سوشل میڈیا کے ذریعے ووٹرز کو ایران کے الیکشن میں حصہ لینے سے روک رہی ہیں اور ایرانی ووٹرز کی حوصلہ شکنی کررہی ہیں تاہم سوشل میڈیا کو ایران کے خلاف دشمن کی سازش کے لیے نہیں چھوڑیں گے، اس پر نظر رکھی جائے گی۔