|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2021

کوئٹہ: گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ گوادر کا ابھرتا ہوا سورج پورے براعظم ایشیا میں طویل تاریک راتوں کے بعد ایک نئی روشن صبح کی نوید ہے۔ دنیا کے تین بڑے انقلابات زرعی انقلاب، صنعتی انقلاب اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انقلاب سے بھرپور استفادہ نہ کرنے کے باعث ہم دنیا کے دیگر خطوں کے مقابلے میں بہت پسماندہ رہے گئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز گورنرہاوس کوئٹہ ” گوادر ایمرجنگ ” کے موضوع پر انٹرنیشنل کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں تعینات چین کے قونصل جنرل (Mr. Li Beijian)، چائنا اورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین (Mr. Zhang Baozhong)، بلوچستان پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کے وائس چانسلر صاحبان، ایم پی اے ثناء بلوچ، پی ٹی آئی کے مشیر برائے پاک چین تعاون بایزید خان کاسی انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان اور بی آر ایس پی کے سربراہ نادر گل بڑیچ کے علاوہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

انٹرنیشنل کانفرنس بعنوان ایمرجنگ گوادر کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ اکیسویں صدی براعظم ایشیا کی صدی ہے اور خطے میں ترقی وخوشحالی کے نئے معاشی اہداف اور منازل لیکر آئی ہے، ہمیں فخر ہے کہ کہ اس نئے جدید اور ترقی یافتہ ماحول کا خاص طور سے عالمی معاشی وتجارتی سرگرمیوں کو مستحکم کرکے گوادر کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ پراجیکٹ براعظم ایشیا، یورپ اور افریقی ممالک کو مربوط اور معاشی سرگرمیوں کے ایک نئے دور کا نقطہ آغاز ہے۔ گورنر یاسین زئی نے کہا کہ سی پیک منصوبہ پر عملدرآمد سے فرسودہ سماجی واقتصادی نظام کے خاتمے اور ان سے منسلک پسماندہ فکر اور خرافات وتوہمات سے نجات کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت اور ارٹیفیشل انٹیلیجنس کی بنیاد پر ہم ایک نئی مضبوط معاشی بنیادوں پر ترقی کے سفر کا آغاز ہوگا۔

جو بنی نوع انسان کے مشترکہ مقدر کی تعمیر میں اہم پیش رفت ہوگی۔ گوادر ایمرجنگ کانفرنس کے شرکاء سے چین کے قونصل جنرل (Mr. Li Beijian)، چائنا اورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین (Mr. Zhang Baozhong)، ایم پی اے ثناء بلوچ اور پی ٹی آئی کے مشیر برائے پاک چین تعاون بایزید خان کاسی نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں گورنر بلوچستان پاک چائنا ڈپلومیٹک ریلیشنز کے ستر برس پورے ہونے پر کیک کاٹا اور آخر میں انٹرنیشنل کانفرنس کے شرکاء اور منتظمین میں یادگاری شیلڈز تقسیم کئے۔