سرینگر: مقبوضہ وادی میں ایک اور بھارتی فوجی اہلکار نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں قابض فوج کے ایک اور اہلکار نے اپنی ہی سروس رائفل سے خود کو گولی مارکر زندگی کا خاتمہ کرلیا، فائرنگ کی آواز سن کر جیسے ہی دیگر اہلکار کیمپ میں پہنچے تو ساتھی کی لاش زمین پر پڑی ہوئی تھی۔
خودکشی کرنے والے اہلکار کی شناخت پروین کمار کے نام سے ہوئی ہے جو کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات تھا جب کہ واقعہ کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات متعدد بھارتی فوج کے اہلکار زہنی تناؤ کا شکار ہیں جس کے باعث آئے دن خودکشی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جب کہ 2007 سے اب تک 500 سے زائد اہلکار خودکشی کرچکے ہیں۔