|

وقتِ اشاعت :   May 10 – 2021

کھیل کے تیسرے دن زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لیے 450 سے زائد رنز درکار تھے تاہم حسن علی اور ساجد خان کی شاندار بولنگ کے آگے میزبان ٹیم زیادہ دیر وکٹ پر کھڑی نہ رہ سکی اور صرف 84  رنز کے اضافے کے بعد پوری ٹیم 132 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قومی ٹیم کی جانب سے اظہر علی اور عابد علی نے پہلے دن شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں تاہم اظہر علی پہلے دن کے اختتام پر 126 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کپتان بابراعظم 2 اور فواد عالم 5 رنز بناسکے۔

اوپننگ بلے باز عابد علی نے کھیل کے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 393 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کی جس میں انہوں نے 27 چوکے لگائے۔ وہ 215 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ نعمان علی نے اپنی پہلی نصف سنچری بنائی اور بدقسمتی سے صرف 3 رنز کی کمی سے سنچری نہ بناسکے وہ 97 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر عابد علی نے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی وہ ہرارے میں ڈبل سنچری بنانے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے۔ اس سے قبل سابق کپتان اور موجودہ بیٹنگ کوچ یونس خان نے 2013 میں ڈبل سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگ 116 رنز سے شکست دی تھی۔