ریاض: سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین تنازع خطہ کو غلط سمت میں دھکیل رہا ہے جس کی وجہ سے پائیدار امن کا راستہ مشکل ہو رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے ایک انٹرویو میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کا تنازع خطہ کو غلط سمت میں دھکیل رہا ہے جس کے باعث امن کا راستہ مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشیدگی ختم کرنے کے لیے سفارتی کردار ادا کرے کیونکہ اس تنازع کی وجہ سے خطہ میں دیگر طاقتیں مضبوط ہو رہی ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے سب سے پہلے تشدد کو ختم کرنا ہو گا اور انتہائی سنجیدگی سے امن کی بات کرتے ہوئے مسئلہ کا حل نکالنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا پہلا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن مذاکرات کو شروع کروانا ہے کیوںکہ پائیدار امن کا یہی واحد راستہ ہے۔