|

وقتِ اشاعت :   June 3 – 2021

سری لنکا کے قریب کیمیائی مادوں سے لدا جہاز ڈوبنے سے بڑے ماحولیاتی بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔نیگومبو شہر کے ساحل پر جہاز کے ملبے کے ٹکڑے اور آلودگی بہہ کر آنے لگی ہے، زہریلے مواد کے باعث حکام نے متاثرہ علاقوں میں ماہی گیری کو معطل کردیا ہے۔

حادثے کا شکارہونے والےجہاز میں 25 ٹن نائٹرک ایسڈ سمیت دیگر کیمیکل پر مشتمل 1486 کنٹینر لدے ہوئے تھے، جہازکے آپریٹرز کا کہنا ہے کہ ابھی تک جہاز سے ایندھن کے اخراج کے آثار نہیں ملے اور زیادہ تر زہریلا سامان آگ سے جل گیا ہے۔

سنگاپور حکام نے کہا ہے کہ وہ اپنے طور پر واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا کی بندرگاہ نیگومبو میں مال بردار جہاز ’ایکسپریس پرل‘ پر 20 مئی کو دھماکے بعد آگ لگی جس پر دو ہفتوں بعد قابو پایا گیا، جس کےبعد جہازکو ساحل سے دور کرنے کیلئے گہرے پانی میں لے جایا گیا جہاں یہ جہاز اب ڈوبنا شروع ہوگیا ہے۔