|

وقتِ اشاعت :   June 29 – 2021

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیل کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اسرائیلی صدر ریوین ریولن نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بالخصوص مشرق وسطیٰ کے معاملات زیر بحث آئے۔

اسرائیلی صدر نے ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو 2015 کے عالمی جوہری معاہدے میں دوبارہ شمولیت کو ایران کے جوہری پلانٹ کی بندش سے مشرط کرنا چاہیئے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے بھی ایران کے ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری کے پروگرام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی صدر کو یقین دہانی کرائی کہ اُن کے دور حکومت میں ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار تیار کرنے نہیں دیں گے۔

اسرائیلی صدر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے تناظر میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ایران کی مداخلت اور عسکریت پسندی کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا۔

واضح رہے کہ ایران کے ساتھ امریکہ، چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی نے 2015 میں عالمی جوہری معاہدہ کیا تھا تاہم سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں علیحدگی اختیار کر لی تھی جبکہ دیگر فریقین امریکہ کی واپسی کے لیے کوشاں ہیں جس کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔