بحیرۂ روم عبور کر کے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تارکینِ وطن کی کشتی اٹلی کے جزیرے لمپیڈوسا کے قریب ڈوب گئی، جس کے ننیجے میں کم سے کم سات افراد جاں بحق ہو گئے۔ بدھ کے روز اٹلی کے جزیرے لمپیڈوسا سے پانچ میل دور تارکین وطن کی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم سات افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جبکہ نو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
کشتی میں سوار 46 افراد کو بچالیا گیا اورانہیں بحیرہ روم کے جزیرے میں بحفاظت پہنچایا گیا ہے۔
کشتی میں سوار تارکین وطن کے حوالے سے یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کون کون سے ممالک کے شہری تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت کشتی میں ’تارکین وطن‘ سوار تھے جو سنہرے مستقبل کے خواب آنکھوں میں سجائے یورپ جانے کا قصد کرکے نکلے تھے کہ بے رحم موجوں کی نذر ہوگئے۔
خیال رہے کہ ہر سال مختلف ممالک سے ہزاروں افراد خطرہ مول کر سمندر کے راستے یورپ میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان تارکین وطن کو اکثر اوقات حادثات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔