اوٹاوا: کینیڈا میں شدید گرمی کے باعث ہیٹ ویو سے 233 افراد ہلاک ہو گئے۔ کینیڈا کا مغربی حصہ اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے اور ہیٹ ویو نے لوگوں کو بہت زیادہ متاثر کر رکھا ہے۔
مغربی کینیڈا میں ہیٹ ویو سے ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تعداد معمر افراد کی ہے۔
کینیڈین صوبے برٹش کولمبیا میں 49 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔ کینیڈا کے ماہر امور موسمیات ڈیوڈ فلپ نے کہا کہ یہ صحرائی گرمی ہے جو بہت ہی خشک اور گرم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کا دوسرا سرد ترین اور برفیلا ملک ہیں اور ہم اکثر سرد موسم اور برفانی طوفان دیکھتے ہیں لیکن اس طرح کے گرم موسم کے بارے میں بات نہیں کرتے ہیں کیونکہ یہاں ایسی گرمی نہیں پڑتی۔ اب جو موسم یہاں ہے اس کے مقابلے میں دبئی اس وقت زیادہ ٹھنڈا ہو گا۔
کینیڈین شہر وینکوور میں حکام نے سڑکوں کے کنارے عارضی فوارے اور نمی پیدا کرنے والے مراکز قائم کیے ہیں جبکہ جنگلوں اور فشریز کے محکموں کو ممکنہ طور پر آگ لگنے کے واقعات کے بارے خبر دار کر دیا گیا ہے۔
ساحلوں اور سوئمنگ پولز میں عوام کا رش بڑھ گیا ہے اور ہنگامی امداد کے دفاتر میں کالز کی بھرمار ہے جہاں لوگوں نے ایمبولینسز کے پہنچنے میں تاخیر کی شکایات کیں۔
محکمہ موسمیات کینیڈا نے برٹش کولمبیا، البرٹا، مینیٹوبا، یوکون اور شمال مغربی علاقوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے کہ وہاں گرمی کی طویل، خطرناک اور تاریخی لہر پورا ہفتہ جاری رہنے کا امکان ہے۔