|

وقتِ اشاعت :   July 3 – 2021

کینیڈا کے صوبے البرٹا کے ایک گھر میں آتشزدگی سے 4 بچوں اور خواتین سمیت 7 پاکستانی جاں بحق ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق البرٹا کے شہر چیسٹر میئر جمعے کی صبح ہونے والی آتشزدگی میں کراچی سے تعلق رکھنے والی دو فیملیز کے 7 افراد جاں بحق ہوئے۔

 جاں بحق ہونے والوں میں سے دو کی شناخت امجد کمال اور رافعہ راشد کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دیگر افراد میں ایک خاتون اور 4 بچے شامل ہیں، واقعے میں 4 بچوں سمیت 5 افراد محفوظ بھی رہے۔

کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے میں محفوظ رہنے والوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کینیڈا میں 7 پاکستانیوں کی المناک ہلاکت پر افسوس کا اظہار  کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس واقعے میں کوئی مجرمانہ ہاتھ ملوث نہیں۔

زاہد حفیظ چودہدری کا کہنا ہے کہ ہماری دعائیں، ہمدردیاں المناک واقعے کے شکار افرادکے اہلخانہ کےساتھ ہیں، حقائق جاننے کے لیے ہمارا قونصل خانہ متعلقہ کینیڈین حکام سے رابطے میں ہے۔

انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈین حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا علم تاحال نہیں ہوسکا ہے۔