کوہلو: کوہلو میں سمیت شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دو روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ شب کوہلو کے مختلف علاقوں تمبو،پژہ،مست توکلی،ماوند،منجھرا،سفید، مخماڑ،لاسے زئی، گرسنی،جاندران میں گرج چمک کے ساتھ شدید اور موسلادھار بارشیں ہوئی جس سے ندی نالوں میں تغیانی ہوئی اور مختلف مقامات پر سڑکیں سیلابی ریلے میں بہہ جانے ،مٹی کے تودے گرنے اور سوناری پُل بہہ جانے سے کوہلو کا کویٹہ سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہوا ۔
لیویز کے مطابق تحصیل ماوند کے علاقے سونڈوانی میں سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے خاتون جان بحق جبکہ بستی میر ہزار رہزن میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص شدید زخمی ہوا ،سب تحصیل تمبو میں سیلابی ریلا بستی رہزن شہر میں داخل ہوا جس سے متعدد مکانات منہدم ہوگئے، دوسری جانب گرانڈ وڈھ کے مقام پر سڑک سیلابی ریلے میںبہنے ،مٹی کے تودے گرنے اور سوناری پل بہہ جانے سے کوہلو کا کویٹہ سے مواصلاتی رابطہ منقطع ہوا، درجنوں بھیڑ،بکریاں اور جانور سیلابی ریلے میں بہہ گئی جبکہ کھڑی فصلیں سیلابی ریلے کی زد میں آنے سے زمینداروں کو کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔دریں اثناء لیویز فورس نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں اور سڑک کی بحالی کیلئے اقدامات شروع کردیئے بھاری مشینری نہ ہونے سے سڑک کی بحالی میں دشواری پیش آرہی ہے۔