دبئی کے جبل علی بندرگاہ پر کھڑے سمندری جہاز میں کنٹینر کو آگ لگ گئی جس کے باعث ایک زوردار دھماکہ سے متحدہ عرب عمارات لرز اٹھا۔ جبل علی دنیا کی نویں اور خطے کی سب سے بڑی بندرگاہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دبئی سول ڈیفنس ٹیم نے آگ پر قابو پا لیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔دھماکہ کے باعث فی الحال کسی بھی جانی اور مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کنٹینر میں آتش گیر مواد موجود تھا لیکن تاحال آگ لگنے کی وجہ معلوم نہ ہو سکی۔
بندرگاہ کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ “اس بات کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ جہازوں کی معمول کی نقل و حرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہے”۔
سی این این کے مطابق دھماکہ اتنی شدت کا تھا کہ دور دور تک سنا اور محسوس کیا گیا جس کی وجہ سے بندرگاہ سے 15 کلو میٹر کے فاصلے پر عمارتیں لرز اٹھیں۔
مقامی وقت کے مطابق دھماکہ رات11بج کر 25 منٹ پر ہوا اور سوشل میڈیا پر شائع کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کیٹینر سے اٹھنے والی آگ کے گولے نے آسمان کو روشن کردیا۔ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ اسے سیٹلائٹ سے بھی دیکھا گیا۔
عینی شاہد کے مطابق اس نے آسمان پر سورج کی طرح کچھ پیلا آتے دیکھا اور اس کے بعد ایک زوردار آواز سنائی دی۔