ڈھاکہ: دنیا کی سب سے چھوٹے قد والی گائے توجہ کا مرکز بن گئی۔ دنیا کی بونی ترین خوبصورت گائے ’میڈیا اسٹار‘ بن گئی۔ جسے دیکھے روزانہ ہزاروں لوگ فارم کا رخ کر رہے ہیں۔
گائے کی عمر تقریباً دو سال ہے اور اس کا قد 20 انچ ہے جو اپنی معصومیت اور سب سے چھوٹا قد ہونے کی وجہ سے سب کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
گائے کے مالک کا کہنا ہے کہ اس گائے کا نام انہوں نے رانی رکھا ہوا ہے۔ گائے کے مالک کا دعویٰ ہے کہ اپنی عمر کے اعتبار سے رانی دنیا کی بونی ترین گائے ہے جس کا وزن 26 کلو ہے۔
غیرمعمولی جسامت کی وجہ سے رانی نہ صرف لوگوں کی توجہ کا مرکز بن ہوئی ہے بلکہ اس کے چرچے اب بنگلہ دیش سے باہر بھی ہو گئے ہیں اور اس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا رکھی ہے۔
یہ گائے بنگلادیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے قریبی علاقے میں واقع ایک فارم ہاؤس پر پالی گئی ہے جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ لاک ڈاؤن اور ٹرانسپورٹ کی پابندیوں کے باوجود دور دور سے دیکھنے آ رہے ہیں۔