ڈیرہ اللہ یار: ڈیرہ اللہ یار میں مون سون بارشوں کے پیش نظر امدادی کارروائیاں شروع ضلعی انتظامیہ کے حکم پر شہر سے ملحقہ نہروں کے پشتے مضبوط بنانے کا عمل تیز کردیا گیا ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک کی خصوصی ہدایت پر ایکسین ڈرینج عبدالحمید مینگل اور نائب تحصلیدار جھٹ پٹ محمد ظریف گولہ نے اپنی نگرانی میں نہروں کے پشتے مضبوط بنانے کا عمل شروع کروا دیا ہے ۔
گورنمنٹ کنٹریکٹر صابر حسین رند کے زیرانتظام ہیوی مشینری اور ایکسیویٹر کے ذریعے شہر کے جنوب مشرق کی طرف سے بہنے والی نہر کے پشتوں کو مختلف مقامات پر مٹی کی بھرائی کرکے مضبوط کردیا گیا جبکہ ملحقہ دیگر نہروں کے پشتے مضبوط کرنے کا کام جاری ہے مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پیشگی تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی ڈپٹی کمشنر جعفرآباد کے حکم پر ڈی سی دفتر میں بارشوں کے متعلق ایمرجنسی سینٹر کا قیام عمل میں لاکر نائب تحصیلدار سمیت محکمہ ڈرینج ایری گیشن اور تعمیرات و مواصلات کے ذمہ دار افسران کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔
جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہیوی مشینری اور ایکسیویٹرز کو اسٹینڈ بائی کیا گیا تاکہ ممکنہ خطرات سے بروقت نمٹا جاسکے ڈپٹی کمشنر رزاق خان خجک نے کہا کہ مون سون بارشوں کا سیزن ہے کسی قسم کی غفلت و لاپراہی بہت بڑے نقصان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ ہے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شہر اور دیہی آبادیوں کو محفوظ رکھا جاسکے انکا کہنا تھا کہ متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کو مشینری سمیت ہائی الرٹ کردیا گیا شہر کی قریبی نہروں کے پشتے مضبوط کیے جارہے ہیں۔