برسلز: یورپین کمیشن نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر پاکستان اور ایران کے لیے امداد کا اعلان کر دیا۔یورپین کمیشن کے مطابق پاکستان اور ایران کو 2 کروڑ 20 لاکھ یورو کی امداد دی جائے گی جبکہ پاکستان کو 70 لاکھ یورو کی امداد غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعہ دی جائے گی جو افغان مہاجرین، میزبان کمیونٹیز کے لیے کام کر رہی ہیں۔
ایران کو صحت ، تعلیم، کورونا سے بچاؤ اور افغان مہاجرین کے لیے امداد دی جائے گی۔ ایران اور پاکستان دونوں کو ایک بار پھر قدرتی آفات سے خطرہ ہے۔
امداد تنازعات، نقل مکانی، کووڈ 19، غذائی قلت اور قدرتی آفات سے متاثرہ پاکستانی اور افغانیوں کے لیے ہو گی۔ پاکستان دنیا کے ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو سیلاب، خشک سالی، ہیٹ ویوز اور زلزلے جیسی متعدد آفات کا سامنا کرتا ہے۔
واضح رہے کہ سیلاب اور خشک سالی سے متعدد مرتبہ سندھ اور بلوچستان کے صوبے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ٹوٹل فنڈز کا تقریباً 60 فیصد صحت سے متعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
ایک کروڑ 50 لاکھ یورو کی گرانٹ ایران میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کو فراہم کی جائے گی تاکہ وہ ملک میں سب سے زیادہ متاثرہ ایرانیوں اور افغان باشندوں کی مدد کریں۔
فنڈز کا ایک حصہ کورونا وائرس سے متعلق طبی شعبہ میں ضرورت آلات کے لیے خرچ کیا جائے گا۔
یورپی یونین کے کمشنر برائے کرائسس مینجمنٹ جینز لیناراسک نے کہا کہ ایران اور پاکستان دونوں ایک مرتبہ پھر ممکنہ طور پر قدرتی خطرات کا سامنا کریں گے اور کورونا وائرس کی وجہ سے دونوں ممالک کے حالات سازگار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان دنیا بھر میں افغان مہاجرین کے اصل میزبان ممالک بھی ہیں۔ یورپی یونین اس نازک وقت پر دونوں ممالک میں انسان دوست تنظیموں کی مدد کر رہی ہے۔