|

وقتِ اشاعت :   July 16 – 2021

وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے کا اضافہ کر دیا۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں بتایا ہے کہ وزیر اعظم نے اوگرا سفارشات کے برعکس عوامی مفاد میں پٹرول کی قیمت میں محض 5.40 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2.54 روپے فی لیٹر، کیروسین کی قیمت میں 1.39 روپے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 1.27 روپے فی لیٹر کی اجازت دی گئی ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے اوگرا کی سفارشات کے برعکس عوام کوحد درجہ ریلیف فراہم کرنے کا فیصلہ کیا اور یہ اضافہ عالمی منڈی میں گزشتہ کئی ماہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 11.40 روپے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔ اوگرا تجویز کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے کیے جانے والے اس فیصلے کے نتیجے میں پڑنے والا بوجھ حکومت خود برادشت کرے گی۔

بہرحال عالمی مارکیٹ میں کورونا وباء کی پہلی لہر کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی میںمکمل طورپر گرگئی تھیں مگر اس کے باوجود ہمارے ہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اس طرح کم نہیں کی گئیں۔ ایک طرف وباء نے معیشت کو ٹھپ کرکے رکھ دیا تھا تو دوسری جانب کورونا وباء کے باعث تمام تر معاشی سرگرمیاں معطل ہوکر رہ گئی تھیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر لوگ بیروزگار ہوگئے تھے مگر پاکستان میں کورونا وباء نے اتنی تباہی نہیں مچائی کہ بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا جو دنیا کے دیگر ممالک میں ہوا تھا ۔

اب حالات معمول پر آگئے ہیں باوجود اس کے مہنگائی اپنی جگہ برقرار ہے اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے کے باعث اشیاء خورد ونوش سمیت دیگر چیزوں کی قیمتیں بھی بڑھ جائینگی سفری کرایوں میں بھی اضافہ ہوگا اور اس کا بوجھ براہ راست عوام پرپڑے گا ۔امید اورتوقع بہت کی جارہی تھی کہ حکومت مزید مہنگائی کرنے کی پالیسی کو ترک کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے گی مگر ایک بار پھر پیٹرول بم گراکر مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کردیا گیا ہے جو عوام کی قوت خرید کو مزید کم اور غربت میں اضافہ کردے گا۔ لہذاحکومت کو چاہئے کہ آئندہ پندرہ دنوں کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرکے عوام کوریلیف فراہم کرے ، قیمتوںمیں مزید اضافہ معاشی حوالے سے عوام کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔