کابل: سربراہ افغان طالبان شیخ ہبت اللہ نے کہا ہے کہ امریکہ سمیت تمام دنیا سے اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں۔ سربراہ افغان طالبان شیخ ہبت اللہ نے کہا کہ پڑوسیوں اور خطے کے دیگر ممالک کو یقین دلاتے ہیں کہ افواج کے انخلا کے بعد ہماری طرف سے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ فلاحی اداروں اور سرمایہ کاروں کو بھی مکمل تحفظ کا یقین دلاتے ہیں جبکہ افغانستان میں موجود غیرملکی سفارتکاروں کو بھی تحفظ کا یقین دلاتے ہیں۔
سربراہ افغان طالبان نے کہا کہ سفارتخانے اور سفارتکار اپنے امور کو اطمینان سے جاری رکھیں اور اپنی سرزمین کو کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک سے بھی مطالبہ ہے کہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ تمام ملکی فریقین کے لیے دروازے کھلے ہیں اور ہم کسی سے دشمنی نہیں چاہتے۔
شیخ ہبت اللہ نے کہا کہ افغانستان ہم سب کا مشترکہ گھر ہے۔