|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2021

 بغداد: عراق کے دارالحکومت میں ایک پُرہجوم مارکیٹ میں چاند رات کو اس وقت خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا جب وہاں عید کی شاپنگ کے لیے سیکڑوں افراد خریداری میں مصروف تھے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پُرہجوم بازار میں خود کش حملے میں 35 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد ہر طرف انسانی اعضا بکھر گئے اور جا بہ جا لاشیں پڑی تھیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیلی گرام پر داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایک جنگجو نے مارکیٹ میں خود کو بارودی مواد سے اُڑالیا۔

ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں سے 13 انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج ہیں۔ کئی کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رواں برس عراق میں کسی مارکیٹ پر حملے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ عراق میں اتحادی افواج نے داعش کا خاتمہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم اب بھی داعش کچھ علاقوں میں سرگرم ہے۔

عالمی قیادت اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے خود کش حملے میں معصوم جانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور عراق میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔