|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2021

ٹنڈوالہیار: سی پیک کے علاؤہ بلوچستان میں ریکوڈیک اور گیس بھی نکلا لیکن بلوچستان کے لوگوں کی حالت تبدیل نا ہو سکی،امریکہ کے خطے میں جانے کے بعد فرق پڑے گا لیکن صورتحال ابھی واضح نہیں ہے،ایجنسیوں کا اپنا کردار اور فرائض ہوتے ہیں لیکن حد سے زیادہ تجاوز کرنے سے بات خراب ہوتی ہے ،90 فیصد سردار حکومت کے ساتھ ہیں ،سرداری نظام میں کافی رکاوٹ ہیں۔

لیکن زبردستی ختم کرنے سے اس کا نعم البدل اس سے بھی بدتر آسکتا ہے ان خیالات کا اظہار نواب زادہ میر گزین خان مری نے ٹنڈوالہیار میں غلام قادر مری کے بھتیجے کے انتقال پر تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سرداری نظام میں کافی رکاوٹ ہے لیکن اسے زبردستی ختم نہیں کیا جاسکتا 90 فیصد سردار حکومت کے ساتھ ہیں۔

جس طرح مغل بادشاہ اور زار روس ختم ہو گئے اسی طرح ایک دن سرداری نظام بھی ختم ہو جائے گا لیکن سرداری نظام زبردستی ختم کرنے سے اس کا نعم البدل ایسا نا ڈھونڈا جائے جو اس نظام سے بھی بدتر ہو نوب زادہ میر گزین مری نے کہا کہ بلوچستان میں سی پیک کے علاؤہ ریکوڈک اور گیس کے ذخائر ملے لیکن بلوچستان کے عوام کی حالت بدلنے کے بجائے جوں کی توں ہے انہوں نے کہا۔

دنیا کے کئی ممالک میں قدرتی وسائل نہیں ہیں لیکن ان ممالک کی معیشت پاکستان سے زیادہ مضبوط ہے تمام بات نیتوں کی ہوتی ہے ،ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا دنیا کے ملکوں میں ایجنسیوں کا اپنا ایک کردار اور فرائض ہوتے ہیں لیکن حد سے زیادہ تجاوز کرنے میں بگاڈ پیدا ہوتا ہے۔

پاکستان میں تو سیاست میں بھی کردار ہے لیکن ہم آہنگی ایک دوسرے کو ساتھ لے کر تعاون کیا جائے تو بہتر ہے ،ان کا کہنا تھا امریکہ کے جانے کے بعد خطے میں کچھ تو فرق پڑے گا لیکن اس وقت صورتحال واضح نہیں ہے۔