|

وقتِ اشاعت :   August 3 – 2021

کوئٹہ: سپریم کورٹ آف پاکستان کے نامزد جج جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور نامزد چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان کے اعزاز میں بلوچستان ہائی کورٹ اسٹاف کی جانب سے ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں خصوصی طور پر آئے ہوئے مہمان گرامی سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز جناب جسٹس اعجاز الاحسن، جناب جسٹس یحیٰی آفریدی و سابقہ چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ و چیف جسٹس فیڈرل شریعت کورٹ محمد نور مسکانزئی کے علاوہ عدالت عالیہ کے جج صاحبان جناب جسٹس محمد اعجاز سواتی۔ جسٹس عبداللہ بلوچ جناب جسٹس روزی خان بڑیچ۔ جناب جسٹس عبدالحمید بلوچ جناب۔

رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ راشد محمود اور ہائی کورٹ کے اسٹاف نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض سیشن جج (ممبرانسپکشن ٹیم) آفتاب احمد لون نے سرانجام دیئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس جمال خان مندوخیل نے ہائی کورٹ اسٹاف کی جانب سے اس خلوص و محبت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری ساری ٹیم کی شروع دن سے یہی کاوش رہی ہے کہ ہم اپنے اداریکو ایک مثالی ادارہ بنائیں کوئی بھی ادارہ ایک فرد پر مشتمل نہیں ہوتا بلکہ یہ افراد سے مل کر بنتا ہے اگر ادارے کا ہر فرد اپنی جگہ پر اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرے تو کوئی وجہ نہیں رہتی کہ وہ ادارہ اپنے مقام کو نہ پا لے لوئر سٹاف سے لے کر چیف جسٹس کی کرسی تک ہر فرد کی اپنی اہمیت ہے سب مل کر ایک ٹیم ورک کی شکل میں کام کرتے ہیں تو کام آگے بڑھتا ہے آپ کے تعاون کا ہی نتیجہ ہے کہ صرف دس ججز کے ہوتے ہوئے بلوچستان کی تاریخ میں ہم نے ریکارڈ کیسز کا فیصلہ کیا۔

ہماری منزل ایک ہی ہے اور ہم نے پورے اخلاص سے اس ادارے کو ایک مثالی ادارہ بنانا ہے ہمارے اصل اسٹیک ہولڈرز سائلین ہیں ہمیں ہر صورت ان کا خیال رکھنا ہے انہیں تکلیف نہیں ہونی چاہیے جب ان کو بروقت ریلیف ملے گا تو ہم سرخرو ہوں گے اور یہ اسٹاف کے بغیر ممکن نہیں یہ ہمارا ادارہ آپ کے بغیر ادھورا ہے اسے آپ ہم سب نے مل کر آگے لے کر جانا ہے تقریب سے نامزد چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان نے بھی خطاب کیا انہوں نے تقریب کے اہتمام پر اسٹاف کا خلوص دل سے شکریہ ادا کر تے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے ادارے کا وقار برقرار رکھنا اور اسے آگے بڑھانا ہے اس ضمن میں انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے سٹاف سے تعاون درکار ہے آپ ہمارے ساتھ تعاون کریں اس کے لئے اپنی استعداد کار کو بڑھائے تاکہ عدالت کے وقار میں مزید اضافہ ہو اور آپ کا بھی وقار اسی سے وابستہ ہے۔

آپ عدالت عالیہ کی اسٹیبلشمنٹ کا حصہ ہیں اور یقین کریں ہم جو عدالتوں میں انصاف کی فراہمی کے لیے فیصلے کرتے اور اپنی تیئں انصاف کی فراہمی کرتے ہیں تو اللہ تعالی نے جو ثواب ہمارے حصے میں رکھا ہے اس میں آپ کا بھی اتنا ہی حصہ ہے جتنا ہمارا۔ آپ کی مدد کے بغیر کیس کسی فیصلے تک نہیں پہنچتا عدالت عالیہ نے بطور ادارہ سٹاف کے ساتھ ہمیشہ شفقت کا معاملہ رکھا ہے اور جو آئندہ بھی رہے گا چیف جسٹس جمال خان مندوخیل نے دن رات محنت کرکے رولز بنائیں آپ کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور میرٹ پر حق دار کو حق ادا کیا گیا ہے آپ اپنے کام میں مزید جانفشانی پیدا کریں تاکہ نظام میں بہتری آئے ہر شخص کی اپنی اہمیت ہے کوئی شخص اگر اپنا کام نہیں کرے گا تو سارا نظام مفلوج ہو جائے گا اور اس کا ناقابل تلافی نقصان سائلین کو پہنچے گا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنی کوتاہیوں اور غلطیوں سے اجتناب کریں اپنی صلاحیتوں میں بہتری اور عدالت عالیہ کے اوقات کار کی پابندی کریں۔آپ لوگ عدالت عالیہ کی ریڑھ کی ہڈی ہیں آپ لوگوں کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہیے۔ تقریب کے آخر میں نامزد جج سپریم کورٹ آف پاکستان جناب جسٹس جمال خان مندوخیل اور نامزد چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جناب جسٹس نعیم اختر افغان کو کو سٹاف کی جانب سے رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ راشد محمود نے سوینئر پیش کیا