|

وقتِ اشاعت :   August 6 – 2021

اسرائیل نے عمان کے ساحل میں تیل لے جانے والے بحری جہاز پر حملے کے بعد ایران پر حملے کی دھمکی دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز نے ایران کو خبردار کیا کہ اسرائیلی ایران پر حملے کے لیے تیار ہے۔

اسرائیلی وزیر دفاع کی جانب سے یہ بیان عمان کے ساحل میں اسرائیلی آئل ٹینکر پر ہونے والے ڈرون حملے کےبعد سامنے آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک برطانوی اور ایک رومانیہ کا شہری ہلاک ہوا۔

امریکا اور برطانیہ پہلے ہی اس حملے کا الزام ایران پر عائد کرچکے ہیں تاہم ایران کی جانب سے اس کی سختی سے تردید کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیر دفاع سے سوال کیا گیا کہ آئل ٹینکر پر حملے کے بعد کیا اسرائیل ایران پر حملے کے لیے تیار ہے؟ اس پر اسرائیلی وزیر دفاع نے ہاں میں جواب دیا۔

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسرائیلی وزیردفاع کی دھمکی کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ اسرائیل کی دھمکی انتہائی بدتر رویہ ہے جسے مغرب کی اندھی حمایت حاصل ہے۔

ترجمان نے اسرائیل کو بھی خبردار کیا کہ ہم واضح طور پر کہتے ہیں کہ ایران کے خلاف کوئی بھی احمقانہ کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ہمیں مت آزمائیں