چین نے امریکا پر کڑی تنقید کرتے ہوئےکہا ہےکہ امریکی فوج جہاں جاتی ہے، بے امنی اور تباہ شدہ گھرچھوڑکر جاتی ہے، امریکا کو جمہوریت اور انسانی حقوق کے نام پر دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنا چھوڑ دینا چاہیے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے میڈیا بریفنگ کے دوران امریکا پر سخت تنقید کی اور کہا کہ امریکا کی طاقت تعمیر نہیں تباہی ہے، امریکی فوج جہاں جاتی ہے، بے امنی اور تباہ شدہ گھرچھوڑکر جاتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 20 سال قبل امریکا نے انسداد دہشت گردی کے نام پر افغان جنگ شروع کی،کیا امریکا جیت گیا؟ افغانستان میں دہشت گرد تنظیموں کی تعداد ایک سے بڑھ کر 20 سے زائد ہوگئی، اس کے علاوہ وہاں ہنگامہ آرائی ، تقسیم ، بچھڑے ہوئے خاندان اور اموات پیچھے رہ گئی ہیں۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ حقائق نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہےکہ فوجی مداخلت اور طاقت کی سیاست کا کوئی فائدہ نہیں اور وہ ناکام ہو جاتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو اب جمہوریت اور انسانی حقوق کے نام پر دوسروں کے معاملات میں مداخلت کرنا چھوڑ دینا چاہیے۔