|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2021

طالبان قیادت نے طالبان کو افغانستان میں فتح کا جشن نہ منانے کی ہدایت کی ہے۔طالبان عہدیداران کا کہنا ہےکہ افغان شہری ہتھیار، گولہ بارود طالبان ارکان کے حوالے کردیں۔

 طالبان عہدیدارکا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے رہنما بتدریج منظرِعام پر آئیں گے اور کوئی رازداری نہیں رہے گی، دنیا ہمارے رہنماؤں کو دیکھے گی۔دوسری جانب افغان طالبان کے سینئر رہنما امیر خان متقی نے کہا ہے کہ افغانستان میں جامع حکومت کے لیے مقامی سیاستدانوں اور عالمی نمائندوں سے بات چیت کے نتائج جلد سامنے لائے جائیں گے۔

افغان میڈیا کے مطابق امیر متقی نے حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے پیر کو ملاقات کی تھی، طالبان قیادت کے سینئر رہنما نے افغان سیاستدانوں سے ملاقات میں جامع حکومت کے قیام پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے۔

طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد عام معافی کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے۔