|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2021

افغانستان کی اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے کہا ہے کہ وہ  نئی حکومت کیلئے طالبان سے مذاکرات میں مصروف ہیں تاہم ابھی تک کوئی بنیادی بات چیت شروع نہیں ہوئی ہے۔

ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اور سابق افغان صدر حامد کرزئی وادی پنجشیر پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی احمد شاہ مسعود کے بیٹے اور صوبہ پنجشیر کے قبائلی عمائدین سے ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

مزید یہ کہ حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ نے کابل میں ارکانِ پارلیمنٹ اور عمائدین سے بھی ملاقات کی ہے۔  ملاقات میں خواتین ارکانِ پارلیمنٹ بھی شریک تھیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے سابق صدر حامد کرزئی اور سابق چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی تھی۔

منصور احمد خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر حامد کرزئی اور عبداللہ عبداللہ سے ان کی ملاقات افغانستان میں امن و استحکام کی کوششوں سے متعلق گفت گو کی گئی۔