|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2021

کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع گوادر میں چینی شہریوں پر خودکش حملے میں زخمی تیسرا بچہ بھی زندگی کی بازی ہارگیا صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے سیاسی جماعتوں کے ارکان کی دھماکے پر خاموشی کو قابل حیرت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ دوہری اور خود پر مبنی سیاست ہے،حکومت نے واضح طور پر دہشت گردوں کے ونگز اور ملک دشمن ایجنسیوں کے مقاصد بیان کیے ہیں جو پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

جمعہ کی شام گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے پر ہونے والے خودکش دھماکے میں 2بچے جاں بحق جبکہ چینی شہری سمیت6افراد زخمی ہوگئے تھے زخمیوں میں شامل ایک بچہ اتوار کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا،

دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد تین ہوگئی۔دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے گوادر میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے واضح طور پر دہشت گردوں کے ونگز اور ملک دشمن ایجنسیوں کے مقاصد بیان کیے ہیں جو پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔گوادر میں حالیہ خودکش حملے میں تیسرے بچے نے بھی اپنی جان دے دی۔

انہوں نے حیرت کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے ارکان کی جانب سے دھماکے کی کوئی مذمت اب تک نہیں کی گئی ہے اور نہ ہی اس طرح کے گھناؤنے فعل کے لیے اسمبلی میں کوئی قرارداد پیش نہیں کی گئی۔

یہ ان کی دوہری اور خود پر مبنی سیاست کو ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب صوبائی وزیر خزانہ میر ظہوراحمدبلیدی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بلوچ وارڈ گوادر کے قریب ایسٹ بے ایکسپریس وے پر دہشت گردی کی خوفناک کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں 2 معصوم بچے شہید اور 3 زخمی ہوئے۔ اللہ تعالیٰ شہید کی روحیں سکون اور زخمیوں کوجلد صحت یاب ہو جائیں۔