کوئٹہ:چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت چمن ماسٹر پلان کو آپریشنلائز کرنے کے حوالے سے منگل کے روز اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں سیکرٹری زراعت کمبر دشتی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالفتح بھنگر، سیکرٹری ایمپلیمینٹیشن عبداللہ خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احمد رضا، کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ، سپیشل سیکرٹری فنانس لعل جان جعفر اور ڈپٹی کمشنر چمن جمعہ داد مندوخیل شریک تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چمن ماسٹر پلان کا فیز ون مکمل ہوچکا ہے جس میں بس،ٹرک اڈہ، فروٹ اور سبزی منڈی، کولڈ اسٹوریج، ٹیکسی اسٹینڈ شامل ہیں جبکہ فیز 2 میں مذبحہ خانہ، ڈیری فارم، فائر بریگیڈ سٹیشن شامل ہیں اور ان پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چمن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں سے عوام بہتر طور پر مستفید ہو سکیں اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے۔
چیف سیکرٹری نے چمن ماسٹر پلان کو آپریشنلائزڈ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ماسٹر پلان میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے۔