افغانستان میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا ہے کہ طالبان کی جانب سے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد افغانستان میں غیریقینی صورتحال ہے تاہم طالبان اور دیگر سیاسی رہنما جنگ زدہ ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔ منصور احمد خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں دیرپا امن کے لیے مضبوط سیاسی نظام کا خواہاں ہے، نئے نظام کے لیے سیاسی اکابرین سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
منصور احمد خان نے کہا کہ افغان طالبان سمیت تمام سیاسی جماعتیں ملکر سیاسی نظام بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے سیاسی نطام کے لیے طالبان اور افغان سیاسی اکابرین کے رابطے ہورہے ہیں۔
حامد کرزئی، عبداللہ عبداللہ اور گلبدین حکمت یار اور طالبان رہنماؤں کے درمیان مسلسل رابطے جاری ہے جو کہ ملک کے لیے خوش آئند ہے۔ چاہتے ہیں سیاسی رہنما افغانستان کو جنگ کی صورتحال سے باہر نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانیوں کے ساتھ دوسرے غیر ملکیوں بشمول افغانیوں کو یہاں سے نکلنے میں مدد کی۔