|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2021

کابل: ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد امریکی فوج کے انخلا کے بعد کابل ائیرپورٹ پہنچ گئے اور پورے افغانستان کو فتح پر مبارک باد دی۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے افغان عوام سے کہا کہ پورے افغانستان کو مبارک ہو، یہ ہماری فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ اور دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہشمند ہیں اور امریکہ کے ساتھ اچھے سفارتی تعلقات کا خیرمقدم کریں گے۔

طالبان ترجمان نے کہا کہ امریکہ کی شکست دیگر حملہ آوروں کے لیے بڑا سبق ہے۔ افغان قوم میں مزید سختیاں سہنے کی سکت نہیں۔

طالبان اہلکاروں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طالبان اہلکار افغان عوام سے پیار اور نرمی سے پیش آئیں جبکہ طالبان افغان عوام سے زبردستی نہ کریں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغان قوم کو ترقی اور خوشحالی کا حق حاصل ہے۔

خیال رہے کہ امریکی فوج کے انخلاء کے بعد ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے بیان جاری کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری امریکی فوجی بھی رات 12 بجے افغانستان سے نکل گیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانستان نے مکمل آزای حاصل کرلی،الحمد اللہ۔

ترجمان طالبان نے کہا کہ کابل میں ہوائی فائرنگ امریکی فوجیوں کے جانے کی خوشی میں کئی گئی تھی، کابل کے شہری پریشان نہ ہوں۔

طالبان رہنما انس حقانی نے کہا ہے کہ ہم نے افغانستان میں ایک بار پھرتاریخ رقم کر دی، افغانستان پر امریکی اور نیٹو افواج کا 20 سالہ قبضہ آج ختم ہو گیا، 20 سالہ جہاد اور قربانیوں کے بعد یہ تاریخی لمحات قابل فخر ہیں۔