کابل: افغان طالبان نے حکومت کے قیام کے حوالے سے اہم ترین فیصلے کرلیے ہیں۔ حکومت سازی کے متعلق اہم فیصلے طالبان کی سپریم کونسل کے منعقدہ اجلاس میں کیے گئے جو اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس ضمن میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سپریم کونسل کا تین روزہ اجلاس امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی سربراہی میں قندھار میں ہوا جو ہفتے سے پیر تک جاری رہا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے ساتھ دیگر متعلقہ امور پر غور و خوص کیا گیا۔
ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی حفاظت کےساتھ شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور ان سے اچھے برتاؤ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ اجلاس میں نئی اسلامی حکومت اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق اہم فیصلے بھی کیے گئے ہیں
ترجمان طالبان نے بتایا کہ سپریم لیڈر نے سب کو مکمل ہدایات دے دی ہیں اور ان کی ذمہ داریوں سے بھی آگاہ کردیا ہے۔