نیویارک: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا کی ایک نئی قسم “مو” کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔“مو” نامی نئے کورونا ویریئنٹ کا سائنسی نام ’بی.1.621‘ ہے جس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عالمی اداراہ صحت کے مطابق مو ویریئنٹ میں ہونے والی جنیاتی تبدیلیوں کے خلاف ویکسین کے مؤثر نہ ہونے کا خطرہ پایا جاتا ہے۔ تاہم عالمی ادارہ صحت نے زور دیا ہے کہ وائرس کی اس نئی قسم کو سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق مو وائرس میں مدافعاتی عمل کو نظر انداز کرنے کی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ کورونا وائرس کی نئی اقسام بالخصوص ڈیلٹا ویریئنٹ کے حوالے سے دنیا بھر میں تشویش پائی جاتی ہے جس کے باعث متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
یاد رہے کہ ڈیلٹا ویریئنٹ نے ان افراد کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے جنہوں نے ویکسین نہیں لگوائی ہوئی تھی یا جن علاقوں میں وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل نہیں کیا جا رہا تھا۔
عالمی ادارہ صحت کووڈ 19 کی چار اقسام کی شناخت کر چکا ہے جن میں سے ایلفا 193 ممالک میں جبکہ ڈیلٹا وائرس 17o ممالک میں موجود ہے۔ جبکہ مو سمیت دیگر پانچ اقسام کو فی الحال مانیٹر کرنے کی ضرورت ہے۔ مو وائرس کی کولمبیا میں شناخت کے بعد یورپ اور دیگر جنوبی امریکی ممالک میں بھی اس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق مو وائرس کی عالمی سطح پر موجودگی کی شرح 0.1 فیصد سے کم ہے جبکہ کولمبیا میں 39 فیصد ہے۔