|

وقتِ اشاعت :   September 2 – 2021

کوئٹہ: ٹی وی ای ٹی سیکٹر سپورٹ پروگرام بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے کیلئے سرکاری اور پرائیویٹ اداروں کے توسط سے سرگرم عمل ہے۔اس حوالے سے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچستان ویمن بزنس ایسوسی ایشن (بی ڈبلیو بی اے) کے اشتراک سے سیکٹر سپورٹ پروگرام خواتین کو مختلف شعبہ جات میں ٹریننگ دے کر انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اقداما ت اٹھائے جارہے ہیں ۔

بدھ کے روزصحافیوں کامطالعاتی دورہ سپنی روڈ پر واقع’’ بی ڈبلیو بی‘‘ کے ایک سینٹرمیںسیکٹر سپورٹ پروگرام کے حوالے سے ایک سیشن کا انعقاد کیا گیا ،مذکورہ ٹریننگ سینٹر میں مختلف شعبہ جات میں علاقے کی بچیوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے۔

اس موقع پر صحافیوں کو سیشن میں بلوچستان ویمن بزنس ایسوسی ایشن کی چیئر پرسن محترمہ ثنا درانی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تقریبا ًپانچ ہزار ہنر مند خواتین ’’بی ڈبلیو بی اے‘‘ میں رجسٹرڈ ہیں اور مختلف شعبہ جات جن میں سلائی کڑائی،دست کاری سمیت ڈریس میکنگ ، آفس اسسٹنٹ آئی ٹی، بیوٹی تھراپی،اسکین کیئرمیں یہاں ٹریننگ دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہTVET سیکٹر سپورٹ پروگرام کی تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت فراہم کرکے ان ہنر مند خواتین کو تربیت دے کر انہیں روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جاتے ہیں۔یہاں سے ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد انہیں مختلف جگہوں میں آسانی سے ملازمت مل جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ مختلف اداروں جیسا کہ پی ٹی سی ایل ، ٹی سی ایس وغیرہ میں یہاں کی فارغ التحصیل طالبات ملازمت کر رہی ہیں ۔

مطالعاتی دورے کے دوران صحافیوں کو ٹرینیوں کی تربیت گاہ میں جا کے انہیں سہولیات کی فراہمی اور ٹرینی ادارے کے بارے میں تفصیلی طور پرآگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر صحافیوں نے تربیت حاصل کرنے والی طالبات سے بات چیت بھی کی۔واضح رہے کہ گزشتہ چار سالوں میں بلوچستان میں 1784 مرد و خواتین کو مختلف شعبہ جات میں مہارت کی تربیت دی گئی ہے۔

سیکٹر کے تربیتی کورس بلوچستان کی خواتین کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔تاہم بلوچستان کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے اس حوالے سے مزیداقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے TVETسیکٹر سپورٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں قومی ، صوبائی اور علاقائی سطح پر اصلاحات کے لیے 62.5 ملین یورو کی فنڈنگ کی جا رہی ہے۔

اس پروگرام کو یورپی یونین ، وفاقی جمہوریہ جرمنی اور شاہی ناروے کے سفارت خانے نے مالی تعاون فراہم کیا ہے۔ پروگرام کو جرمنی کی وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون اور ترقی (BMZ) نے شروع کیا ہے۔بعد ازاں صحافی کے وفد کوایک نجی شراکت دار تنظیم بلوچستان ماربل پرائیویٹ لمیٹڈ کے کارخانہ کا دورہ بھی کرایا گیا۔جہاں پر ٹریننگ کے بعد ملازمت حاصل کرنے والے ٹرینیوں نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ہمیں سیکٹر سپورٹ پروگرام کے توسط سے سیکھنے کے بعدملازمت میں تجربہ اچھاجا رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ دو ماہ’’ پریکٹیکل ٹریننگ ‘‘کے دوران ان ماربل کارخانوں میں ہمیں نوکری کی پیشکش بھی کی گئی، جس کی بناء پر آج ہم مختلف ماربل کارخانوں میںملازمت کر رہے ہیں ،ٹریننگ کے بعد ملازمت اختیار کرنے والے نوجوانوں نےTVET سیکٹر سپورٹ پروگرام کی کامیابی کو سراہا۔