لندن: برطانوی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ امریکہ اب سپر پاور نہیں رہا۔برطانوی وزیر دفاع بین والس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکہ اب صرف بڑی طاقت ضرور ہے لیکن وہ سپر پاور نہیں رہا۔
بین والس نے کہا کہ جب ایک سپرپاور کسی معاملے پر ڈٹ جانے کے لیے تیار نہ ہو تو وہ پھر سپرپاور نہیں کہلاتی۔ حالیہ چند ہفتوں کے دوران افغانستان میں جو کچھ ہوا وہ دنیا نے دیکھا۔ اس کا بیج امریکی صدر جو بائیڈن کے عہدہ سنبھالنے سے پہلے بویا گیا تھا۔
برطانوی وزیر دفاع نے افغانستان سے امریکی انخلا پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میری رائے پوچھیں تو دراصل اس کی بنیاد ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈالی تھی، صدر بائیڈن کو تو یہ مسئلہ وراثت میں ملا، اس معاہدے سے طالبان کو جو تحریک ملی ہے، اسی وجہ سے وہ سمجھتے ہیں کہ وہ جیت گئے ہیں۔
بین والس امریکی انخلا پر کڑی تنقید کرتے آئے ہیں اور اس کا الزام سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر لگا چکے ہیں، ٹرمپ انتظامیہ نے فروری 2020 میں طالبان کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت امریکہ مئی 2021 تک اپنی افواج افغانستان سے نکال لے گا، جو بائیڈن انتظامیہ نے اس معاہدے کو برقرار رکھا، البتہ انخلا کے دورانیہ کو بڑھا دیا تھا۔
اپریل میں بھی والس نے طالبان، ٹرمپ معاہدے کو ایک گلا سڑا اور بوسیدہ معاہدہ قرار دیا تھا۔