|

وقتِ اشاعت :   September 6 – 2021

امریکی ایوان نمائندگان کے فارن افیئرز کمیٹی کے ری پبلیکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر رکن مائیک میک کول نے کہا ہے کہ افغانستا کے مزار شریف ائیرپورٹ پر 6 طیارے امریکیوں اور افغان ترجمانوں کو بیرون ملک لے جانے کے لیے کھڑے ہیں، تاہم انھیں جانے نہیں دیا جارہا ہے۔

مائیک میک کول نے گزشتہ روز ایک امریکی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارے ٹیک آف نہیں کرسکتے کیونکہ انھیں طالبان کی جانب سے کلیئرنس موصول نہیں ہو رہی ہے۔

رکن ریپبلکن پارٹی مائیکل میک کول کا کہنا ہے کہ گذشتہ دو دن سے طیارے مزار شریف کے ایئرپورٹ سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مزار شریف ایئر پورٹ پر 6 طیارے امریکی شہریوں اور افغان ترجمانوں کے ساتھ ایئر پورٹ سے روانگی کا انتظار کر رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ان پروازوں کو کلیئر کر دیا ہے، طالبان انھیں ایئر پورٹ سے باہر نہیں جانے دے رہے۔ 

طالبان نے امریکی قانون ساز کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں کہا ہے کہ یہ اطلاعات درست نہیں، طالبان مجاہدین کو عام افغان شہریوں سے کوئی مسئلہ نہیں، یہ پروپیگنڈا ہے اور اس کو مسترد کرتے ہیں۔