نئی دہلی: بھارت کے متعدد اضلاع میں تیزی سے پھیلتے وائرل نے بڑے پیمانے پر بچوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست بہار سمیت متعدد اضلاع میں کورونا کے بعد اب ایک اور وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جس سے سب سے زیادہ بچے متاثر ہو رہے ہیں۔
مذکورہ وائرس میں بچے بخار میں مبتلا ہو رہے ہیں اور اسپتالوں میں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
پٹنہ کے سب سے بڑے اسپتال پٹنہ میڈیکل کالج اینڈ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ 10 دنوں کے دوران وائرل بخار کے سنگین مریضوں کی تعداد میں اچانک سے اضافہ ہوا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق او پی ڈی میں 60 فیصد مریض ایسے ہیں جو وائرل بخار سے متاثر ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ایمرجنسی وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پٹنہ اور مظفرپور ضلع میں صرف ہفتے کے روز 85 بچوں کو شدید بخار کے باعث داخل کیا گیا جبکہ ایک ہفتے کے دوران کم از کم 200 بچے اسی وائرل بخار میں مبتلا ہوکر اسپتال پہنچے۔
ایس کے ایم سی ایچ کے چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر گوپال سہنی کا کہنا ہے کہ وائرل بخار تقریباً ایک ہفتے میں بہت تیزی سے پھیلا، خاص طور پر بچے زیادہ متاثر ہوئے، انہیں کافی تیز بخار کے ساتھ ساتھ سانس پھولنے کی تکلیف بھی دیکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ یہ وائرل بخار موسم بدلنے کی وجہ سے ہو رہا ہے اسے عام طور پر کولڈ وائرل فیور کہتے ہیں۔