طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہےکہ افغانستان کی تعمیر نو میں امریکا کے ممکنہ کردار کا خیر مقدم کریں گے۔
روسی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ طالبان واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کے لیے تیار ہیں جو افغانستان اور امریکا دونوں کے مفاد میں ہوں۔
طالبان ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی تعمیر نو میں امریکا کے ممکنہ کردار کا خیر مقدم کریں گے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ اگر نئے باب میں امریکا ہمارے ساتھ تعلقات چاہتا ہے جو دونوں ممالک اور عوام کے مفاد میں ہوسکتے ہیں، اگر امریکا افغانستان کی تعمیر نو میں کردار ادا کرنا چاہتا ہے تو ہم اس کا بالکل خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کے اسرائیل کے ساتھ کوئی تعلقات نہیں ہوں گے، ہم دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات چاہتے ہیں اور ان ممالک میں اسرائیل شامل نہیں ہے، ہم ایشیائی اور ہمسایہ ممالک سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات قائم کرنا چاہیں گے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھاکہ افغانستان میں آئندہ دنوں میں نئی حکومت کے قیام کے لیے پر امید ہیں، امید ہے کہ اس ہفتے ہی نئی حکومت کے قیام کا اعلان ہوسکتا ہے مگر یہ حتمی نہیں ہے اس میں مزید روز بھی لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالبان کا افغانستان میں سوشل میڈیا پر پابندیاں لگانے کا کوئی ارادہ نہیں، ہم آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں اور تنقید کے لیے تیار ہیں