|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2021

آسٹریا میں بیٹے نے ماں کی پینشن ہتھیانے کیلئے انتقال کے بعد خاتون کی لاش کو فریج میں محفوظ کردیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ملزم نے حکام کے سامنے اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے ماں کی پینشن سے فائدہ اٹھانے کے لیے ان کے انتقال کے بعد لاش کو کپڑے میں لپیٹ کر فریج میں محفوظ کیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر 89 سالہ خاتون کی لاش کو گھر سے برآمد کرلیا گیا۔

خبر ایجنسی کے مطابق ممکنہ طور پر خاتون کی موت گزشتہ برس جون میں طبعی طور پر ہوئی جس کے بعد ان کے 66 سالہ بیٹے نے پہلے ماں کی لاش کو گودام میں رکھا اور تب سے اب تک سوشل ویلفیئر فنڈ سے 50 ہزار یورو وصول کیے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اس کے بعد بیٹے نے لاش کوکپڑے میں اچھی طرح سے لپیٹ کر فریج میں رکھ دیا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعترافی بیان میں بتایا کہ اس کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں اور وہ اپنی ماں کے پیسوں سے محروم ہونا نہیں چاہتا تھا۔

خبر ایجنسی کے مطابق علاقے میں تعینات ہونے والے نئے پوسٹ مین نے پینشن کی رقم خاتون تک پہنچانے کے لیے ملزم سے خاتون سے ملنے کا تقاضہ کیا جس پر ملزم نے انکار کیا تو پوسٹ مین نے متعلقہ حکام کو اطلاع دی جنہوں نے خاتون کی لاش کو گھر سے برآمد کیا۔