|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2021

 غزہ: اسرائیل کے جنگی طیاروں نے غزہ پر فضائی بمباری کی ہے جس میں دو عمارتوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں ایک بار پھر بمباری کی، فضائی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم دو عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جن کے بارے میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ حماس کے ٹریننگ سینٹر تھے۔

اسرائیلی فضائیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ کے علاقے سے اسرائیلی سرزمین پر راکٹ حملے کیے گئے جس کے جواب میں فضائی کارروائی کی اور حماس کے ٹریننگ سینٹر کو تباہ کردیا۔

اسرائیل غزہ پر حملے کا جواز ہمیشہ سے حماس کے آتش گیر غباروں یا پھر راکٹ حملوں کو قرار دیتا آیا ہے تاہم وہ اپنے دعوے کے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا ہے۔

رواں ہفتے کے آغاز میں اسرائیلی جیل سے کموڈ کے راستے سرنگ بناکر فلسطینی رہنماؤں کے نکلنے کے بعد سے اسرائیلی فورسز میں غصہ پایا جاتا ہے جس کا اظہار فضائی حملے کرکے کیا گیا۔

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں غزہ کی پٹی پر اسرائیل کی 11 روز کی مسلسل بمباری کے بعد حماس اور اسرائیل کے درمیان مصر کی ثالثی میں جنگ بندی ہوگئی تھی۔ اس بمباری میں 250 فلسطینی شہید اور 13 اسرائیلی مارے گئے تھے۔