تین سابق امریکی صدور باراک اوباما، بل کلنٹن اور جارج ڈبلیو بش نے امریکا آنے والے افغان تارکین وطن کی مدد کیلئے بنائے گئے گروپ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔سی این این کے مطابق ویلکم ڈاٹ یو ایس کے نام سے قائم کئے گئے مشاورتی گروپوں کے اتحاد میں سابق امریکی صدور اور ان کی بیویاں بھی خدمات سرانجام دیں گی۔
سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور ان کی اہلیہ لارا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہزاروں افغان شہری دنیا کو محفوظ کرنے کیلئے ہمارے ساتھ صف اول میں کھڑے رہے اور اب انہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔
اس گروپ کا مقصد افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد امریکا پہنچنے والے تارکین وطن افغانوں کی مدد کرنا ہے۔ ویلکم ڈاٹ یو ایس نے بتایا کہ وہ افغانستان سے فرار ہونے والے افغانوں کی مدد کریں گے۔
ویلکم ڈاٹ یو ایس نامی کونسل کی حمایت اب تک 280 سے زائد بڑی شخصیات اور بڑے کاروباری ادارے کرچکے ہیں جن میں مائیکروسافٹ کارپوریشن، اسٹار بکس کارپوریشن، سی وی ایس ہیلتھ کارپوریشن وغیرہ شامل ہیں۔
بائیڈن انتظامیہ افغانستان سے نکلنے والے شہریوں کو امریکا میں آباد کرنے کیلئے رضاکاروں کی مدد حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویلکم ڈاٹ یو ایس کی حمایت اور افغان خاندانوں کو نئی زندگی شروع کرنے کیلئے مدد پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
بش نے تنظیم کے بارے میں ایک بیان میں کہا۔” ہمیں ویلکم ڈبلیو یو ایس اور افغان خاندانوں کو آباد ہونے میں مدد کرنے کے کام پر فخر ہے۔ ہم اپنے نئے افغان پڑوسیوں اور باقی دنیا کو یہ دکھانے کے لیے تیار ہیں کہ کس طرح ایک خوش آئند اور فراخدلانہ جذبہ ہمارے ملک کو بہت بڑا بنا دیتا ہے۔