|

وقتِ اشاعت :   September 16 – 2021

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کے صحارا ریجن کے سربراہ عدنان ابو ولید الصحاروی کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دولت اسلامیہ کا سربراہ عدنان ابو ولید گریٹر صحارا میں فرانسیسی فوجیوں کے ایک آپریشن میں ہلاک ہوا۔

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے بھی سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں بتایا کہ عدنان ابو ولید فرانسیسی افواج کے ہاتھوں مارا گیا تاہم انہوں نے آپریشن کی تفصیلات کے بارے میں نہیں بتایا کہ یہ آپریشن کہاں کیا گیا۔

ایمانوئیل میکرون کا کہنا تھا کہ یہ دہشتگرد گروہوں کے خلاف جنگ میں ہماری ایک اور بڑی کامیابی ہے۔

یاد رہے کہ عدنان ابو ولید نے 2015 میں صحارا ریجن میں داعش کی بنیاد رکھی تھی اور داعش لیڈر عدنان ابو ولید امریکی فوجیوں اور غیرملکی امدادی کارکنوں پر حملوں میں مطلوب تھا۔

امریکا نے 2017 میں عدنان ابو ولید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 50 لاکھ ڈالر انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔